21 مئی ، 2013
اسلام آباد… سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے رینٹل پاور توہین عدالت کیس میں غیر مشروط طور پر تحریری معافی نامہ سپریم کورٹ میں داخل کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔ معافی نامہ ان کے وکیل وسیم سجاد ایڈووکیٹ نے منگل کے روز چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کے روبرو داخل کیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے رینٹل پاور کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو خط لکھا تھا اور ان سے شعیب سڈل کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن مقرر کرنے کی استدعاء کی تھی جسے عدالت نے توہین عدالت قرار دیا تھا اور سابق وزیراعظم کو نوٹس جاری کیا تھا۔ سابق وزیراعظم نے تحریری معافی نامے میں کہا ہے کہ وہ اپنی غلطی کا ادراک کرتے ہوئے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں لہٰذا ان کی معاف قبول کی جائے اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ عدالت ان کی معافی کو قبول کرکے ان کیخلاف نوٹس خارج کردے گی۔