21 مئی ، 2013
اقوام متحدہ …پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے مسائل کے حل کیلئے فلسطینی مذاکرات کار کی طرف سے پیش کردہ مئوقف کی تائید کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کو تاریخی پس منظر میں حل کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں ۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کو بتایا کہ ہم فلسطینیوں کی تکالیف اور درد کو سمجھتے ہیں کہ وہ کس کرب سے گزر رہے ہیں ، ان کے مسائل پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ ضروری ہے۔ اور تنازعہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے ،اس موقع پر فلسطینی مذاکرات کار صائب ارکات نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین پراپنی پوزیشن واضح کریں۔ مسعود خان نے کہا کہ امریکا، اقوام متحدہ، یورپی یونین، روس اور سکیورٹی کونسل کو اس سلسلہ میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کا حقیقی اور پائیدار حل ایک آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ اس سلسلہ میں عرب لیگ کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔