21 مئی ، 2013
کوئٹہ… پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر محمد صادق عمرانی نے پارٹی کی صوبے میں شکست کی بناء پرپارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا، وہ اب عام کارکن کی حیثیت سے کام کریں گے۔ میر محمد صادق عمرانی نے جیو نیوز کوبتایا کہ انہوں نے پارٹی کے شریک چیئرمین اور چیئرمین کے نام لکھے گئے خط میں استعفیٰ کی وجوہات بھی بیان کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2008کے انتخابات میں کامیابی کے بعد صوبے میں پارٹی معاملات میں مرکزی قیادت کی جانب سے مداخلت کی جاتی رہی، صادق عمرانی نے بتایا کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو سابق وزرائے اعظم نے بلوچستان کے مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔پارٹی کیلئے قربانیاں اور کوڑے کھانے والے حقیقی کارکنوں کو بھی نظرانداز کیاگیا،صادق عمرانی نے کہا کہ وہ اپنے حلقے سمیت صوبے بھر میں حالیہ انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے، صوبے میں تقریبا 90فیصد خواتین کو ووٹ ڈالنے سے محروم رکھاگیا، صادق عمرانی نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔