پاکستان
22 مئی ، 2013

گرم موسم کی لہر برقرار،کئی شہروں میں درجہ حرارت47ڈگری سینٹی گریڈ

 گرم موسم کی لہر برقرار،کئی شہروں میں درجہ حرارت47ڈگری سینٹی گریڈ

اسلام آباد…ملک بھر میں گرم موسم کی لہر برقرار ہے، سکھر اور بہاول پور سمیت پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بدین میں مٹی کے طوفان کے بعد موسم قدرے بہتر ہوگیا۔طوفانی ہواوٴں نے آج ضلع بدین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دیکھتے ہی دیکھتے سارا شہر گردآلود ہوگیا،مٹی کے طوفان نے درجنوں کچے مکانات کو تو نقصان پہنچایا مگر گرمی کی شدت میں کمی سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ طوفانی ہواوٴں سے پہلے ضلع بدین میں گرم ہواوٴں کے جھکڑ چل رہے تھے لیکن اب موسم یکسر بدل گیا ہے۔سندھ کے دیگر علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ کاروباری مراکز اور بازار سنسان اور گلی محلے ویران نظر آرہے ہیں، جن علاقوں میں لوگوں کو بحالت مجبوری باہر نکلنا پڑے وہاں وہ چبھتی ہوئی دھوپ سے بچنے کیلیے سر ڈھانپ لیتے ہیں۔ سکھر میں مختلف مشروبات کے ساتھ ساتھ چائے کا استعمال بھی بڑھ گیا۔ چائے کا زیادہ استعمال کرنے والے لوگ کہتے ہیں کہ گرمی گرمی کو مارتی ہے۔بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی گرمی نے پنجے گاڑ رکھے ہیں۔گرمی کے باعث ٹھنڈے مشروبات اور برف کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 45ڈگری سے بھی بڑھ جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔اورشام تک کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :