22 مئی ، 2013
کوئٹہ…نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت سازی کا اختیار مسلم لیگ ن کو دے دیا ہے،امید ہے کل تک وزیراعلی کافیصلہ ہوجائے گا یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ میر طاہر بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وہ حکومت کامیاب ہوتی ہے جسے وفاق کی حمایت حاصل ہو۔ بلوچستان کا مسئلہ ملک کا سب سے بڑا اور اہم ایشو ہے، وفاق کو مستحکم کرنے کے لیے بلوچستان کا مسئلہ سب سے پہلے حل کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ملک میں واضح اکثریت حاصل ہے اور وہ بلوچستان کا مسئلہ کو حل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ انھوں نے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت بھرتی کیے گئے اساتذہ کو مستقل کیے جانے کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کل تک ان اساتذہ کی مستقلی کا نوٹی فی کیشن جاری نہ کیاگیا تو نیشنل پارٹی بھی اساتذہ کے احتجاج میں شامل ہوجائے گی۔ ان کے اعلان پر اساتذہ نے تین روز سے جاری احتجاج ایک روز کے لیے موخر کردیا ہے۔