22 مئی ، 2013
اسلام آباد … پاکستان ا ور چین نے مختلف اقتصادی و تکنیکی شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاک چین مشرکا اقتصادی کوریڈور بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ صدر زرداری کہتے ہیں کہ خطے میں چین کی ترقی رول ماڈل ہے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ اس موقع پر صدر زرداری کے ساتھ مشترکا نیو زکانفرنس میں چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ابدی اور ہر آزمائش پر پوری اترنے والی ہے، وقت اور سیاست اس دوستی پر اثر انداز نہیں ہوسکی۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ نشان پاکستان کا اعزاز ان کی ذاتی عزت افزائی نہیں بلکہ پاک چین گہری دوستی کا ثبوت ہے، پاک چین رہنماوٴں کے مسلسل رابطے ایک روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے معاہدوں پر دستخطکئے گئے ہیں۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے مختلف منصوبوں کیلئے 5 کروڑ یو آن دینے پر چینی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فائبر آپٹک، سیٹلائٹ رابطوں کے معاہدے انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔ پاکستان اورچین کے درمیان میری ٹائم ٹریفک، سرحدی چوکیوں کے انتظامی نظام، طویل مدت اقتصادی راہداری، اقتصادی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون، سمندری سائنس و ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ نیوی گیشن سسٹم، خلائی ٹریفک کے نظام سمیت دیگر معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ہیں۔