24 مئی ، 2013
اسلام آباد…جسٹس جواد ایس خواجہ نے نگران وزیراعظم کی طرف سے توہین عدالت کیس میں جواب داخل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بیوروکریٹس کے تبادلے کرنے پر نگران وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نگران وزیراعظم کی طرف سے جواب داخل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔نگران وزیراعظم ، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور پرنسپل سیکریٹری کی طرف سے عارف چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انہیں جواب داخل کرنے کے لیے مہلت دی جائے، جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ وہ دن گئے جب بند دروزاوں کے پیچھے کام ہوتے تھے، کسی کو غلط کام نہیں کرنے دیں گے۔ہم یہاں اس لیے نہیں بیٹھے کہ لوگوں کے حقوق سلب ہوں۔مقدمے کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی گئی۔