24 مئی ، 2013
اسلام آباد… مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اقتدار کی بندر بانٹ کی بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز رکھے گی،لوڈ شیڈنگ،غربت، بیروزگاری اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ترجیحات کا تعین کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان میں سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس ملکی ترقی کے لئے ویژن،واضح ایجنڈا اور عزم موجود ہے،مسلم لیگ ن کے پاس اس وقت عوامی مسائل کو کم سے کم وقت میں حل کرنا اہم ہے، وزارتوں اور اپنوں کواعلیٰ عہدوں سے نوازنے پر یقین نہیں رکھتے،سینیٹر مشاہد اللہ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ قومی ایجنڈیا ور ترجیحات پر مذاکرات جاری ہیں اور خوشی ہے کہ سیاسی جماعتیں قوم کو مسائل سے نجات دلانے پر ا ن کا ساتھ دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔