09 مارچ ، 2012
لاہور… سپریم کورٹ کے جسٹس تصدق جیلانی اور جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پتنگ بازی کے خلاف از خود کیس پر کارروائی آئندہ ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے شہری فہیم کے علاج معالجے سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 2005 میں سپریم کورٹ نے پتنگ بازی اور اس سے ہونے والی اموات کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں پتنگ بازی، ڈور کی تیاری پر مکمل پابندی ہے اوراس حوالے سے قانون سازی کر دی گئی ہے۔ پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کاررروائی کی جاتی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پرتفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔