09 مارچ ، 2012
لاہور … چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 2سال جو سیکیورٹی لیپس ہوئے ان کے پیش نظر جنرل پاشا کی تبدیلی ضروری تھی، نئے ڈی جی آئی ایس آئی انتہائی پروفیشنل ہیں، پوری قوم کل ہی عام انتخابات چاہتی ہے تاخیر ہوئی تو مہنگائی اور کرپشن مزید بڑھے گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تبدیلی کا مطالبہ ذاتی نہیں تھا یہ مطالبہ ملکی مفاد میں کیا، 2 سال میں جو سیکیورٹی لیپس ہوئے ان کے پیش نظر جنرل احمد شجاع پاشا کی تبدیلی ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی انتہائی پروفیشنل ہیں، اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہم اور پوری قوم کل ہی عام انتخابات چاہتے ہیں، اگر اس میں تاخیر ہوئی تو مہنگائی اور کرپشن میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں حکمرانوں نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا، اگر ووٹر لسٹیں مئی میں مکمل ہوجائیں تو ستمبر میں عام انتخابات ہونے کی امید ہے۔