پاکستان
10 مارچ ، 2012

نواز شریف کو خود اپنے ہاتھ سے پیسے دیئے، یونس حبیب

نواز شریف کو خود اپنے ہاتھ سے پیسے دیئے، یونس حبیب

اسلام آباد … مہران بینک اسکینڈل کے مرکزی کردار یونس حبیب نے کہا ہے کہ 90 ء کی غلطیوں کو سدھارنے کیلئے 93ء میں پیپلزپارٹی کوسپورٹ کیا، سیاستدانوں کو رقم رشوت کے طور پر دی رشوت کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔ مہران بینک کے سابق صدر اور سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم کے کیس کے مرکزی کردار یونس حبیب نے جیو نیوز کے اینکر حامد میر کو خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ مولویوں کو نوازشریف کے آگے کھڑا کردیا، 90 ء کی غلطیوں کو سدھارنے کے لئے 93 ء میں پیپلزپارٹی کو سپورٹ کیاجس کے لئے مال دینا پڑتا ہے۔ حامد میر نے سوال کیا کہ کیا مولویوں کی سپورٹ حاصل کرنے کیلئے انہیں مال دیا جس پر یونس حبیب کا جواب تھا کہ تھوڑابہت مال تو سب کو دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آفتاب شیرپاوٴ کو زیادہ رقم دی تاکہ وہ مہران بینک میں زیادہ ڈپازٹ دیں، شہباز شریف کو ٹی ٹی کے ذریعے 27 ستمبر 93ء کو 25 لاکھ روپے بھیجے۔ یونس حبیب کا کہنا ہے کہ انہوں نے نواز شریف کو خود اپنے ہاتھ سے پیسے دیئے تھے۔ یونس حبیب نے بینکرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ آرمی، سیاستدان اور بیورو کریسی سے دور رہیں، رشوت دینے والا بدمعاش اور لینے والا مہا بدمعاش ہوتا ہے۔یونس حبیب کا کیپیٹل ٹاک کے اینکر حامد میر کو خصوصی انٹرویو آج رات نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :