11 جون ، 2013
کوئٹہ…کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی،جس پر گزشتہ روز عدالت نے فیصلہ آج تک کے لئے محفوظ کرلیاتھا،آج سماعت کے دوران عدالت نے مختصر فیصلہ سنایا جس میں کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست خارج کردی،عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیاجائیگا۔فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیس میں مخالف فریق نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست تحقیقات ہونے سے پہلے قبل از وقت ہونے کی بنیاد پر خارج کی گئی،ان کا کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ بہتر اور خوش آئند ہے، اس فیصلے سے لوگوں کا عدالتوں پر اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ نواب اکبر بگٹی کے قتل میں ملوث پرویز مشرف اور دیگر نامزد ملزمان کوعدالت سے ضرور سزا ملے گی۔اس سے قبل انسداد دہشت گردی نے گذشتہ روز کیس میں پرویز مشرف، شوکت عزیز، اویس احمد غنی اور عبدالصمد لاسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔