11 جون ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کو بلوچستان میں وسیع البنیاد مفاہمتی عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔نوازشریف کا کہناہے کہ تمام بلوچوں کو اعتماد میں لے کر انہیں قومی دھارے میں لایا جائے۔ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں مفاہمتی عمل کا فوری آغاز کریں اور اس سلسلے میں تمام بلوچ رہ نماوٴں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کواعتماد میں لے کر انہیں قومی دھارے میں لایا جائے تاکہ بلوچستان میں ترقی اور بہتری کے نئے دور کاآغاز ہوسکے۔وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں ماضی کی تلخیاں ختم کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگااور وہ اب بلوچستان میں دوستی ومحبت کا نیا سفر شروع کرنے جارہے ہیں۔