11 جون ، 2013
پشاور…گلیشئر پگھلنے میں تیزی آنے کے بعد دریاوٴں کے تیور بھی تبدیل ہورہے ہیں، نوشہرہ میں دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گلگت بلتستان اورسوات میں بھی دریاوٴں میں طغیانی سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیاہے۔بلند و بالا پہاڑوں پر جمی برف پگھلنے میں تیزی آنے کے بعد دریاوٴں کی سطح بھی بلند ہورہی ہے اور بہاوٴ میں بھی تیزی آگئی ہے، بپھرے دریا کی موجیں بے قابو ہونا شروع ہوگئی ہیں۔سیلاب مرکزنوشہرہ کا کہنا ہے کہ دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں پانی کا بہاوٴ ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔نوشہرہ کلاں کے متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیاہے۔ شلاخیل، ماناخیل اور گجربستی میں 2 فٹ پانی داخل ہوگیا ہے،مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ دریائے سوات کا بے قابو پانی کالام میں دریا کے کنارے آباد گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور کالام اتروڑ سڑک کا کچھ حصہ اپنے ساتھ بہا کر لے گیا ہے۔ کالام،بحرین اور فضا گھٹ میں دریا کنارے واقع آبادیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ گلگت میں کارگاہ نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے سے جاگیر بسین میں پل کا ایک حصہ ٹوٹنے سے گلگت غذر شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے شاہراہ قراقرم دو مقامات پر زیرآب آگئی ہے۔دریا ئے غذر کے بہاوٴ میں اضافے سے گاوٴں داماس کے درجنوں گھر زیر آب آگئے ہیں اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے۔