دنیا
11 جون ، 2013

پاکستان نے اسرائیل سے اسلحہ خریدا ،یہودی اخبار،رپورٹ گمراہ کن ،پاکستان

پاکستان نے اسرائیل سے اسلحہ خریدا ،یہودی اخبار،رپورٹ گمراہ کن ،پاکستان

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…برطانوی اخبار”انڈیپنڈیٹ“ لکھتا ہے کہ پاکستان نے ان دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل سے کسی بھی قسم کا کوئی دفاعی سازوسامان ،ہتھیار یا سیکورٹی آلات حاصل نہیں کیے۔اسرائیل کے ایک لبرل اخبار ہارٹز نے دعویٰ کیا کہ یہودی ریاست نے چار عرب ممالک کو ہتھیار ایکسپورٹ کیے۔برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار بزنس ،انوویشن اینڈ اسکلز (BIS) کی جانب سے شائع ان برطانوی دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیل نے پاکستان کو ہتھیار فروخت کیے ہیں پاکستان کے علاوہ اہم اسلامی ممالک نے بھی اسرائیل سے اسلحہ حاصل کیا۔ پاکستان نے اسرائیل سے ہتھیار درآمد کرنے کی تردید کی ہے۔ اسرائیلی اخبارہارٹز نے رپورٹ جاری کی کہ کئی اسلامی ممالک بشمول ایسے بھی جن کا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلق نہیں ہے انہوں نے بھاری تعداد میں اسرائیل سے اسلحہ اور سازوسامان حاصل کیا،برطانوی محکمے بی آئی ایس نے ایکسپورٹ لائسنس کی ایک فہرست جاری کی جس میں اس نے اسلحہ فروخت کی منظوری دی جن میں ہتھیاراور ان کے اجزاء کسی تیسرے ملک کو دیئے جانے کی اجازت دی گئی۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے بعض ممالک کو اسلحہ فروخت پر پابندی لگا دی تھی لیکن حالیہ سالوں میں اس وقت اسے شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا جب اس نے اسلحہ سازی کے مختلف آلات کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی تھی ،دو سال قبل برطانوی حکومت کو اس وقت آڑے ہاتھوں لیاگیا جب یہ حقیقت سامنے آئی کی بحرین میں عوامی احتجاجات کے دوران برطانیہ نے بحرین کو ہجوم کنٹرول کرنے کے آلات فراہم کیے تھے ۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت اس بات کی اجازت دی گئی کہ اسرائیل کی طرف سے اسلحہ اور سیکورٹی آلات مصر،الجیریا،متحدہ عرب امارات،مراکش اور پاکستان کو ایکسپورٹ کیے جائیں۔پاکستان کے محکمہ آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری بیان میں ان اخباری رپورٹوں کودو ٹوک انداز میں مسترد کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل کی طرف سے کوئی دفاعی سازوسامان خریدا ہو، بیان کے مطابق رپورٹ گمراہ کن اور حقائق پر مبنی نہیں ،اخبار کے مطابق پاکستان کا اسرائیل سے اسلحہ حاصل کرنے کے خیال کو مذہبی قدامت پسندوں میں وسیع پیمانے پر لیا جائے گا۔برطانوی محکمے کی لائسنس کے مطابق برطانوی راڈار سسٹم اور فائٹر جیٹ میں استعمال آلات اسرائیل بھیجے جاتے ہیں اور وہاں سے پاکستان کو فراہم کیے جاتے ہیں۔ مصر اور مراکش اسرائیل سے الیکٹرانک جنگی نظام حاصل کرتے تھے جن میں برطانوی سازسامان بھی ہے برطانیہ نے ان سسٹمزکے لئے اسرائیل کو لائسنس جاری کرنے سے انکار کردیا جس میں وہ روس، سری لنکا،بھارت ، ترکما نستان اور آزر بائیجان کو فراہم کرنا چاہتا تھا۔ بھارتی اخبار” بزنس اسٹینڈرڈ“ کے مطابق اسرائیل گزشتہ پانچ سال سے پاکستان اور دیگر عرب ممالک کونے فوجی سازوسامان جن میں جنگی طیاروں میں استعمال ہونے والے ہائی ٹیک گیئرشامل ہیں ایکسپورٹ کر رہا ہے ۔2011میں اسرائیل نے برطانوی آلات کو پاکستان ایکسپورٹ کرنے کی اجازت مانگی جن میں راڈار سسٹم، الیکٹرانک وار فیئر سسٹم، ہیڈ اپ کاک پٹ ڈسپلے، جیٹ طیاروں کے انجن ،آپٹک نظام، تربیتی طیاروں کے آلات، اور فوجی الیکٹرانک نظام شامل تھے۔





مزید خبریں :