14 جون ، 2013
میرپورخاص…میرپورخاص میں شہریوں نے موٹر سائیکل چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر خوب پٹائی کرڈالی۔ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کی جان بچائی اور گرفتار کرلیا۔ میرپورخاص کے علاقے کھری کوارٹرز میں واقع نجی اسپتال کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے دیکھ کر لوگوں نے شور مچادیا اور چور کو موقع پر پکڑ لیا۔ پھر کیا تھا، سب نے مل کر چور کی خوب درگت بناڈالی اور کپڑے پھاڑدئیے۔ بے شمار لوگ تو تماشہ دیکھنے پہنچ گئے جس کے باعث مصروف سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔ تاہم اطلاع ملنے پر پولیس بھی پہنچ گئی اور موٹر سائیکل چور کی جان بچالی۔ ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے جس کا نام علی نواب لاشاری بتایا جاتا ہے جو سانگھڑ کا رہائشی ہے۔ ٹاوٴن پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔