پاکستان
17 جون ، 2013

لینڈ ریونیو کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کا کام مکمل کرلیا ،حکومت پنجاب

لینڈ ریونیو کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کا کام مکمل کرلیا ،حکومت پنجاب

اسلام آباد…پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کوبتایاہے کہ صوبے میں لینڈ ریونیو کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اس سے مقدمے بازی میں کمی ہوگی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے لینڈ ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔سیکرٹری لینڈ ریونیو پنجاب عرفان الٰہی نے بتایاکہ پنجاب میں لینڈ ریونیو کا ریکارڈ کمپیوٹرائزکرنے کا کام مکمل ،40 مراکزفعال ہوگئے ہیں۔سندھ لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے بتایاکہ سندھ میں 2850 موضعات کے ریکارڈ کی اسکینگ کرلی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے حکام نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کمپنیوں کو ایک سال میں ریکارڈ کمپیوٹرائز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بلوچستان کے لینڈ ریونیو حکام نے بتایا کہ صوبے میں لینڈ ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزکرنے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ،عدالت نے بلوچستان کے سیکریٹری پلاننگ اور ممبر لینڈ ریونیو بورڈ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ وفاقی دارالحکومت کے حکام کی جانب سے بھی عدالت میں کوئی رپورٹ پیش نہ کی گئی۔چیف جسٹس نے چیف کمشنر اسلام آباد کو دس دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مزیدسماعت ایک ماہ بعدہوگی۔

مزید خبریں :