11 مارچ ، 2012
لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مخیر حضرات اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 18مارچ کو حیدرآباد میں ہونے والے ایم کیوایم کے ”یوم تاسیس “ کے مرکزی اجتماع کی تیاریوں اور انتظامات کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے عطیات جمع کرائیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم غریب و متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کے تمام اخراجات مخیر حضرات اور عوام کے بھر پور تعاون سے ہی پورے کئے جاتے ہیں، مخیر حضرات اور عوام کے عطیات اور تعاون سے ہی ایم کیوایم ملک بھر میں اپنی سیاسی، سماجی اور فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے اور ایم کیوایم کی ملک گیر سطح پر مقبولیت اور پذیرائی میں مخیر حضرات اور عوام کا بھر پور تعاو ن نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ہونے والے ایم کیوایم کے یوم تاسیس کا مرکزی اجتماع کامیابیوں کے ریکارڈ توڑ دے گا اور سندھ دھرتی سے دیہی اور شہری کی تفریق کا خاتمہ کرکے پیار ، محبت ، امن اور بھائی چارے کا پیغا م لائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد کے باعث تمام قومیتوں اور مذاہب کے افراد ایم کیوایم پر اپنے جس اعتماد کا اظہار کررہے ہیں وہ ملک میں آنے والے غریب و متوسط طبقے کیلئے خوش آئند ہے۔ الطاف حسین نے مخیر حضرات، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری افراد اور عوام سے ایک مرتبہ پھر پرزور اپیل کی کہ وہ 18مارچ کو حیدرآباد میں ہونے والے ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع کیلئے بھر پور تعاون کریں اور اپنے عطیات زیادہ سے زیادہ تعداد میں جمع کرائیں۔