19 جون ، 2013
کراچی … پی آئی اے ہیڈ آفس میں مزدور یونینوں کے درمیان کشیدگی کے باعث تمام ڈائریکٹرز اور جنرل منیجر کام چھوڑ کر چلے گئے، جس سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا۔ ایئر لائن ذرائع کے مطابق یونین اور انتظامیہ میں تنازع لاہور میں مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کا ڈیوٹی روسٹر تبدیل کرنے پر شروع ہوا۔ سی بی اے یونین پیپلز یونٹی نے ڈی ایم ڈی ایئر وائس مارشل اور ڈائریکٹر ایچ آر کو دفتر میں یرغمال بنایا جبکہ جناح ٹرمینل پر ایئرلائن آپریشن روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ایم ڈی پی آئی اے کیپٹن جنید یونس 25 دن بعد اسلام آباد سے ہیڈ آفس پہنچے تاہم کشیدگی کا سن کر گھر چلے گئے۔ سی بی اے پیپلز یونٹی نے جناح ٹرمینل پر پی آئی اے کیبن کریو روم بند کرادیا گیا، لاہور جانے والی پرواز 306 کی بورڈنگ سی بی اے نے رکوا دی۔ سی بی اے پیپلز یونٹی کے احتجاج کے باعث جدہ جانے والی پرواز پی کے 731 کے روانگی میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ مسافروں نے شکایت کی ہے وہ ڈیڑھ گھنٹے سے طیارے میں موجود ہیں، طیارے کے اے سی بند ہیں حبس کی وجہ سے مسافروں کی حالت خراب ہورہی ہے۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ اور پیپلز یونٹی کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے مسئلہ کچھ دیر میں حل ہوجائے گااور فلائٹ شیڈول کو بہتر کرلیا جائے گا۔ جبکہ صدر پیپلز یونٹی سی بی اے ہدایت اللہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کے ساتھ ڈیوٹی روسٹر کا کوئی تنازع نہیں، انتظامیہ نے لاہور میں ہمارے 2 عہدیدروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے اس کے خلاف احتجاج ہے۔