21 جون ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کے لئے بجٹ میں 4ہزار493نئی آسامیاں رکھی گئی ہیں۔کوئٹہ میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کیلئے بلوچستان کے بجٹ میں خسارے کا تخمینہ سات ارب 42کروڑ روپے لگایاگیا ہے جسے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور بہتر مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی،اُن کا کہنا تھا کہ ملازمین کی تنخواہوں کی اضافے کی مد میں حکومت کے چار ارب 16کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملازمین کے مسائل کے حل میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے اپنے ذرائع سے آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ بجٹ میں صوبائی وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 6ارب 46کروڑ60لاکھ روپے لگایاگیاہے۔