12 مارچ ، 2012
لندن… لندن میں ایک پاکستانی شہری نے برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ کیخلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان پر فاٹا میں کئے جانے والے ڈرون حملوں کے لئے امریکا کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے۔پاکستانی شہری نور خان کے والد ملک داوٴد خان گذشتہ سال مارچ میں فاٹا میں ایک جرگے پر امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔۔ واقعے کے بعد نور خان نے برطانوی وکلا کی فرم لی ڈے اینڈ کمپنی کے ذریعے برطانوی دفتر خارجہ کو ایک خط بھیجا جس میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا برطانیہ ڈرون حملوں کے لئے امریکا کی معاونت کرتا رہا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں لی ڈے اینڈ کمپنی نے نور خان کی طرف سے وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسے ناقابل تردید شواہد ہیں جن کے مطابق ولیم ہیگ ایسی پالیسی پر عمل کررہے ہیں جس کے تحت برطانیہ امریکا کو خفیہ معلومات فراہم کرتا ہے جن کی مدد سے امریکا ڈرون حملوں کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔