پاکستان
26 جون ، 2013

رمضان کے دوران ریل گاڑیوں میں بجلی کا نظام بہتر بنایا جائے، وزیر ریلوے

رمضان کے دوران ریل گاڑیوں میں بجلی کا نظام بہتر بنایا جائے، وزیر ریلوے

اسلام آباد…وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران ریل گاڑیوں میں بجلی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی نظام کو بہتر بنایا جائے اور ریل گاڑیوں میں بجلی کے نظام، بلب اور پنکھوں کی حالت بہتر بنائی جائے تاکہ مسافروں وک کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ریلوے کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ وہ انتظامات کا جائزہ لینے خود ریلوے اسٹیشنوں کا دورہ کریں گے اور ریل گاڑیوں کی حالت دیکھیں گے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر نے ہزارہ ایکسپریس میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تین افسران کو معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس سلسلہ میں ریلوے کے تمام کارکنان کو ان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ مسافروں کو بہتر اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وفاقی وزیر نے بیرون ملک چھٹی پر موجود تمام اہلکاروں کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں اور احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ جلد سے جلد وزارت سے رابطہ کریں کیونکہ نئی پالیسی کے مطابق اب بیرون ملک جانے کیلئے چھٹی صرف ایک سال ملا کرے گی جو اہلکار ایک سال بعد واپس نہیں آتا اس کی جگہ نیا افسر تعینات کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :