18 جنوری ، 2012
اسلام آباد…آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق وزیر اعظم نے اس کے عہدے داروں پر قائم مقدمات واپس لینے سمیت گیس کی لوڈ شیڈنگ اور قیمت میں کمی کے فیصلوں پر عمل در آمد کی ہدایت کی ہے ۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے وفد نے مرکزی چیئرمین غیاث پراچہ کی سربراہی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعظم کو سی این جی کی لوڈ شیڈنگ، گیس کی قیمت اور ٹیکس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت پٹرولیم کو حکم دیا ہے کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے ساتھ تین جنوری کو طے پانے والے امور کے تحت لوڈ شیڈنگ اور گیس کی قیمت میں کمی کی جائے۔