12 مارچ ، 2012
لاہور… سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پنجاب میں شہنشاہی نظام ہے۔ مراسلہ جاری کر دیا جاتا ہے کہ فلاں فارغ۔ عدلیہ قانون کی بات کرتی ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پی آئی سی ادویات ری ایکشن کے ازخود کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عدالتیں آئین اور قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گی۔ پی آئی سی کے سابق سربراہ ڈاکٹر اظہر کی درخواست پر عدالت نے حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔ ڈاکٹر اظہر نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے ان کے استعفے کے بارے میں درست بات نہیں کی۔ عدالت نے معاونین کو آئندہ سماعت پر مشترکہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی۔