30 جون ، 2013
پشاور…پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکے میں جابحق افراد کی تعداد14ہو گئی،واقعے میں متعددافراد زخمی بھی ہو ئے جن میں چند افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر جاوید مروت نے14افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہو ئے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا،انہوں نے زخمیوں میں چند کی حالت کو تشویش ناک قرار دیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 40کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو یہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیاتھا، گاڑی میں مارٹر گولے بھی رکھے گئے تھے۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعدحملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو ا ۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں تاہم ان کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ واقعے کے بعد مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔