30 جون ، 2013
پشاور…پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں کار بم دھماکے میں16 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں چھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ کاربم دھماکے میں چالیس کلو گرام بارودی مواد اور مارٹر شیل بھی استعمال کئے گئے۔پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں پولیس اسٹیشن کے قریب اس وقت زوردار دھماکہ ہوا۔ جب ایف سی کا قافلہ وہاں سے گذر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی استعمال کی گئی۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق چالیس کلو گرام بارود مواد استعمال کیا گیا جس میں مارٹرشیل بھی موجود تھے۔ دھماکے سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی سمیت دس گاڑیاں اور ایک درجن دکانیں تباہ ہوگئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اسپتال لائی گئی نعشوں اور زخمیوں میں عام شہری زیادہ ہیں۔ زخمیوں میں ایک نوعمر بچہ اور خاتون بھی شامل ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ دو زخمی سی ایم ایچ پہنچا دیئے گئے ہیں۔