30 جون ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ میں ہزارہ ٹاوٴن کے علاقے علی آباد میں خود کش دھماکے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہزارہ ٹاوٴن کے علاقے علی آباد میں خود کش حملہ آور میں خود کو دھماکے سے اڑالیا، جس کے نتیجے میں بڑے علاقے میں تباہی پھیل گئی۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ، جاں بحق 17 افراد کی میتیں سی ایم ایچ اور 2 کی میتیں سول اسپتال منتقل کی گئی ہیں ، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو سی ایم ایچ، بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں 20 کے قریب افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں پولیس اور ایف سی کے دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ہزارہ ٹاوٴن میں دھماکے کے بعد بجلی معطل ہوگئی جبکہ فائرنگ کی بھی آوازیں سنی گئیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔