30 جون ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ کے ہزارہ ٹاوٴن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے، مجلس وحدت مسلمین نے واقعے کے خلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش دھماکا رات سوا آٹھ بجے کے بعد ہزارہ ٹاوٴن کے علاقے علی آباد میں امام بارگاہ کے قریب کیا گیا، اس مقام پر نماز کے بعد کافی رش ہوتا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 2 خواتین سمیت 22 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں تقریباً 20 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بند ہوگئی اور شدید فائرنگ کی گئی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ایف سی اور پولیس نے امدادی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں کو دھماکے کی جگہ جانے سے روک دیا جبکہ زخمیوں کو بولان میڈیکل کالج کا ایمرجنسی وارڈ بند ہونے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بیشتر زخمیوں کو سول اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ برقع پوش حملہ آور نے امام بارگاہ کے قریب پہنچنے کی کوشش کی جس پر اسے روکا گیا تو اس نے دھماکا کردیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہل کاروں نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے سے کئی مکانوں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے 3 روزہ سوگ اور بلوچستان شیعہ کانفرنس نے کل احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔