06 جولائی ، 2013
لاہور … لاہور میں پرانی انار کلی کی فوڈ اسٹریٹ پر دھماکے میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، عینی شاہدین کے مطابق ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ نمائندہ جیو نیوز وحید بٹ کے مطابق پرانی انار کلی میں قائم فوڈ اسٹریٹ کے ایک ریسٹورانت کے باہر اس وقت دھماکا ہوا جب لوگ کھانا کھانے میں مصروف تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے میں کچھ ہلاکتوں کا خدشہ ہے، ریسکیو حکام نے 15 سے 18 زخمی افراد کو اسپتالوں میں منتقل کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے کئی دکانوں، ریستوران اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی، ٹریفک جام ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے وقت فوڈ اسٹریٹ پر کافی رش تھا، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، ہفتہ اور اتوار کی شب فوڈ اسٹریٹ پر کافی رش ہوتا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس کی بھاری نفری دھماکے کے مقام پر پہنچ گئی جبکہ علاقے کو خالی کرالیا گیا ہے اور بی ڈی ایس علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔