13 مارچ ، 2012
لاہور… میموگیٹ اسکینڈل میں سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری کیس کے مرکزی کردار منصور اعجاز پر براہ راست جرح کرنے کیلئے لندن روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں زاہد بخاری کا کہنا تھا کہ میمو ایک جھوٹ کا پلندا ہے جس کا مقصد حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ منصور اعجاز ایک جھوٹا شخص ہے اور جرح میں سب سچ سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میمو کیس کی بیرون ملک تفتیش سے عوام کی خطیر رقم خرچ کرائی گئی۔ انہوں نے کہا میں یقین سے کہتا ہوں میمو کیس سے کچھ نہیں نکلے گا۔ زاہد بخاری نے الزام عائد کیا کہ سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے میمو کیس اچھالا گیا تھا۔