17 جولائی ، 2013
کراچی …شکیل یامین کانگا … چھ ماہ کا کنٹریکٹ لینے اور نوکری پوری ہونے پر کے پی ٹی باکسنگ ٹیم کے انچارج علی اکبر شاہ قادری ایک بار پھر نوکری پر بحالی کیلئے میدان عمل میں آگئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی اور آفیشلز چیف جسٹس سپریم کورٹ، حکومت، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل سے ادارے میں اپنی بحالی کی درخواستیں کررہے ہیں۔ 8 جنوری 2013 ء کو کے پی ٹی انتظامیہ نے علی اکبر شاہ قادری سمیت کے پی ٹی کی مختلف ٹیموں سے تعلق رکھنے والے 33 اسپورٹس مینوں، اسپورٹس سپروزائرز اور فزیکل ٹرینرز کو نوکری سے برطرف کردیا تھا، ان میں سے دو کو واپس ڈیوٹی پر بلا لیا گیا تھا۔ برطرف کئے جانے والوں میں فٹ بال، باکسنگ، اسنوکر، اسکواش، بیڈمنٹن، کرکٹ اور گالف میں دس سے پندرہ سال سے خدمات انجام دے رہے تھے، علی اکبر شاہ قادری بھی ان ہی شامل تھے، برطرفی کے خلاف کھلاڑیوں نے احتجاجاً کراچی پریس کلب میں سابق اسنوکر ورلڈ چیمپئن محمد یوسف، سلیم پراچہ، علی اکبر شاہ قادری، نیشل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سربراہی میں پریس کانفرنس کی تھی اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے کھلاڑیوں کی ادارے میں بحالی مطالبہ کیا تھا، پریس کانفرس سے چند گھنٹوں قبل کے پی ٹی انتظامیہ نے علی اکبر شاہ قادری کو چھ ماہ کی بحالی کا لیٹر جاری کیا جس کا ذکر پریس کانفرنس کے دوران علی اکبر شاہ قادری نے کیا بھی تھا اور اس بات کی سختی سے مذمت تھی کہ میں چھ ماہ کا کنٹریکٹ لیٹر نہیں لوں گا، لیکن پریس کانفرنس کے بعد انہوں نے نوکری پر بحالی کا لیٹر لیکر ملازمت بھی شروع کردی اور پہلے 10 ہزار روپے مشاہرے کی رقم بڑھا کر 25 ہزار روپے کروالی۔ اب جبکہ 15 جولائی کو چھ ماہ کا کنٹریکٹ دورانیہ پورا ہوگیا ہے تو موضوف ایک بار پھر بحالی کیلئے شور مچا رہے ہیں جبکہ کنٹریکٹ ملازمت کے دوران انہوں نے کے پی ٹی سے باہر کئے گئے باکسنگ کھلاڑیوں کی بحالی کیلئے انتظامیہ سے کوئی بات نہیں کی۔ کے پی ٹی سے نکالے گئے کئی کھلاڑی اب بھی نوکری پر بحالی کے منتظر ہیں وہ سپریم کورٹ، حکومت اور پورٹ اینڈ شپنگ کے وزیر سے نوکری پر بحالی کی مسلسل فریاد اور درخواستیں کررہے ہیں۔ آل پاکستان عثمان بلوچ سندھ فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد بھی فٹ بال کے فارغ کئے گئے کھلاڑیوں نے پورٹ اینڈ شپنگ کے وزیر کامران مائیکل سے ایک بار پھر اپنی اپنی ٹیموں میں بحالی کی درخواست کی ہے جسے ابھی تک منظور نہیں کیا گیا۔ فٹ بال کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ عثمان بلوچ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کے پی ٹی نے نیشنل بینک اور پی آئی جیسی مضبوط اور قومی چیمپئن ٹیموں کو شکست دی ہے اگر برطرف کئے گئے کھلاڑی ٹیم میں شامل کرلئے جائیں تو کے پی ٹی کی ٹیم اور مضبوط ہوکر قومی لیگ اور چیمپئن شپس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔