14 مارچ ، 2012
دمشق… شام کے صدر بشارالاسد نے منگل کو ملک میں 7مئی کو انتخابا ت کرانے کااعلان کردیا ہے جبکہ ملک میں پرتشدد واقعات جاری ہیں جس میں 22سرکاری فوجیوں سمیت 77افراد ہلاک ہوگئے ۔ ادھر سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس اور چین اپنے موقف پرقائم ہیں۔ حمص میں سرکاری فوج کی جانب سے بچوں اور خواتین کے بہیمانہ قتل عام کے بعد سیکڑوں خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بشارالاسدکا ملک میں الیکشن کرانے کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ۔عرب لیگ امن کے ایلچی کوفی عنان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ صدر بشارالاسد منگل کو ملک میں خونریزی کو روکنے کیلئے ٹھوس تجاویز کے ساتھ اس کا جواب دینگے۔سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق صدر بشارالاسد نے فروری میں نئے دستور کی منظوری کے تحت ملک میں 7مئی کو قانون ساز اسمبلی کیلئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔شام میں حکومت مخالف باغیوں کے زیر اثرسب سے بڑے شہر ادلیب میں سرکاری فوج کے ہاتھوں شہریوں پر تازہ حملوں میں مزید 55 افراد ہلا ک اور سیکڑوں گرفتار کر لئے گئے ہیں شہر میں سرکاری فوج اور باغی فوجیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جار ی ہے جس میں کم از کم 22سرکاری فوجی بھی شامل ہیں ،اقوام متحدہ نے شام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی کارروائیوں میں اب تک 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ملک میں انسانی حقوق بری طرح پامال ہورہے ہیں، ہیومن رائٹس واچ نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی حکومت لبنان اور ترکی کی سرحدوں کے ساتھ بارودی سرنگیں بچھا رہی ہے۔