پاکستان
14 مارچ ، 2012

استاد تشدد کیس،اسلم مڈھیانہ کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا

استاد تشدد کیس،اسلم مڈھیانہ کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا

سرگودھا… استاد تشدد کیس میں سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کو سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا۔ پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کرنا ہے جس کے لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ اسلم م ڈھیانہ کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ سرگودھا کے ایک بڑے زمیندار، اور ایک بڑے سیاسی گھرانے کے سربراہ ،،پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ پر الزام ہے انہوں نے ایک سینئر اسکول ٹیچرنفیس احمد خان لودھی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے ، لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی بینچ نے اسلم مڈھیانہ کی عبوری ضمانت گذشتہ روز خارج کردی تھی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تو ملزم کمرہ عدالت سے چلا گیا۔ بعد میں فیصلہ سنانے کیلئے چار بار اسلم مڈھیانہ کو طلب کیاگیا مگر وہ نہ آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسلم مڈھیانہ کو رات گئے جوہر ٹاوٴن لاہور میں ان کے داماد ایم پی اے وسیم افضل چن کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پولیس حراست میں اسلم مڈھیانہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے ہائیکورٹ میں ہی گرفتاری دے دی تھی،پولیس والے جھوٹ بول رہے ہیں۔

مزید خبریں :