پاکستان
01 اگست ، 2013

کارکنوں کے قتل پر شہر کے امن کی خاطر خاموش ہیں، الطاف حسین

کارکنوں کے قتل پر شہر کے امن کی خاطر خاموش ہیں، الطاف حسین

لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ایم کیو ایم کے 5 کارکنوں اورہمدردوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیاجارہاہے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کھارادر، جوڑیابازار، نیوکراچی اورگلستان جوہر میں ایم کیو ایم کے 5 کارکنوں اورہمدردوں کو قتل کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیاجارہاہے۔ پے درپے پیش آنے والے واقعات سے صاف ظاہرہوتاہے کہ جرائم پیشہ عناصر اورتربیت یافتہ دہشت گردوں کوایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل اوردہشت گردی کالائسنس دے دیا گیا ہے۔ کراچی کے امن کی خاطرخون کے گھونٹ پی رہے ہیں اور صبرکررہے ہیں جو ہماری امن پسندی کاکھلاثبوت ہے۔ الطاف حسین نے صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ ، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ایم کیوایم کے کارکنوں کے قاتلوں کوفی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے ایم کیوایم گلستان جوہرسیکٹرکے کارکن فرحان عباس کوقتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں انھوں نے فرحان عباس شہیدکے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورکہاکہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ فرحان عباس شہیدکواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے گلستان جوہر سیکٹرکے کارکن 33سالہ فرحان عباس کوفائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے شہرکاامن خراب کرنے کی سازش کاتسلسل قراردیا ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ امن دشمن قوتیں شہرکاامن خراب کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے ذمہ داران،کارکنان اورہمدردشہریوں کودہشت گردی کانشانہ بنارہی ہیں اوررواں ماہ کے دوران درجنوں ذمہ داران وکارکنان اورہمدردوں کو نشانہ بنایاجاچکاہے جبکہ تاحال کسی ایک بھی قاتل کوگرفتارنہیں کیاجاسکا۔انہوں نے کہاکہ فرحان عباس کابہیمانہ قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کامقصدشہرکاامن خراب کرناہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مزید خبریں :