15 مارچ ، 2012
ڈھاکا …ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں پاکستان ٹیم آج سری لنکا کے مدمقابل ہوگی۔ پاکستان نے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو21 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا کو بھارت نے50 رنز سے آؤٹ کلاس کیا تھا، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور پاکستان کے4-4 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان، سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے۔ کپتان مصباح الحق نے عندیہ دیا ہے کہ پاکستان میچ میں ایک اضافی بولرکھلا سکتا ہے۔ پاکستان ٹیم کا اصل مسئلہ اس کی بیٹنگ لائن کی مایوس کن کارکردگی ہے۔کوچ ڈیو واٹ مورکا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک اضافی بولرکے ساتھ میدان میں اترسکتے ہیں۔ پریکٹس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ٹیم کو دن بھرپور پریکٹس کا موقع ملا ہے۔ واٹ مور نے کہاکہ انہیں پاکستان ٹیم جوائن کیے کم وقت ہی ہوا ہے لیکن ٹیم کی کوچنگ کو بہت انجوائے کر رہے ہیں۔ فاسٹ بولر عمرگل نے کہا ہے کہ بڑے میچ کے لیے تیار ہیں، امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔