05 اگست ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین حیدر عباس رضوی ، احمد سلیم صدیقی اور واسع جلیل نے پیر کے روز کراچی کے علاقوں صفورا چورنگی ،سعادت امروہہ اورسعدی ٹاؤن میں سیلابی ریلے کے متاثرین کیلئے لگائے گئے ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے طبی و امدادی کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات کاجائزہ لیا ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے سیلابی ریلے کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان سے نقصانات پر دلی ہمدردی کااظہار کیا اور متاثرین کو طبی وامدادی سہولیات کی فراہمی سمیت ایم کیوایم کے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ امدادی کیمپ میں سعدی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے متاثرین پانی کی نکاسی ، صاف پانی ، کھانے پینے اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے رابطہ کرتے رہے جن کے مسائل باقاعدہ لکھنے کے بعد ان کے حل کیلئے عملی اقدامات بھی کئے جاتے رہے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے طبی کیمپ پر متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ایم کیوایم میدیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں ، پیر میڈیکل اسٹاف اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔قبل ازیں صفورا چورنگی پر سیلابی ریلے سے متاثرین کیلئے قائم کئے گئے ریلیف بیس کیمپ پر میڈیا کے نمائندگان کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی میں جو سیلابی ریلا داخل ہوا ہے اور اس نے جو تباہی مچائی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مون سون کے حوالے سے حکومتی سطح پر کوئی تیار ی نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر سیلابی ریلا متوقع تھا تو آلارمنگ سسٹم کیوں نہیں تھا اور اس کی اطلاع کیوں نہیں دی گئی جبکہ حکومت اس سیلابی ریلے اور تباہی سے مکمل طور پر بے خبر رہی ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلابی ریلے سے کھڑے ہوجانے والے پانی کی نکاسی کا بندوبست کیاجائے ، وہاں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ ہے ، ان علاقوں میں مچھروں اور حشرت الارض کی بہتات ہے یہاں جتنا اسپرے کیاجائے وہ عوامی صحت کیلئے بہتر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ طوفانی بارش کے باعث کے بی آر کے علاقے میں گاڑی نالے میں گرگئی تھی اس میں تین افراد سوار تھے اسے نکالنے کیلئے کوئی کرین تک نہیں آئی اور شہر میں ایسے کئی حادثات ہوئے لیکن کوئی پرسان حال نہیں تھا، کچی بستیاں ، گوٹھوں کے مکانات بہہ گئے مگر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل رہی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے نمائندے اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور متاثرین کی فی سبیل اللہ امداد کریں ۔سادات امروہہ اور سعدی ٹاؤن میں تباہی کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ، ایم کیوایم نے الطاف حسین کی ہدایت پر اس مشکل صورتحال اورقدرتی آفت کا مقابلہ کیا ۔اس مرتبہ مون سون کی کوئی پیشگی منصوبہ نہیں کی گئی،جبکہ ماضی میں سٹی ناظم مصطفی کمال کے دور میں مون سون سے نمٹنے کی پیشگی تیاریاں کی گئیں تھیں اور جس طرح سے طوفانی بارشوں سے نبرد آزما ہوا گیا وہ مثالی تھا ۔