15 مارچ ، 2012
کابل… افغان صوبہ قندہار میں خواتین اور بچوں سمیت 16 شہریوں کو قتل کرنے والے امریکی فوجی کو افغانستان سے کویت منتقل کردیا گیا۔ امریکی وزیر دفاع لیون پینٹا کے دورہ افغانستان کے دوران افغان پارلیمنٹ کے ارکان نے مذکورہ فوجی پر افغانستان میں مقدمہ چلانے کا پرزور مطالبہ کیا تھا لیکن امریکی حکام نے اس مطالبہ کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے اسٹاف سارجنٹ جس کی شناخت خفیہ رکھی گئی ہے کو کویت منتقل کردیا ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مذکورہ فوجی اہلکار کو افغانستان سے کویت منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق فوجی اہلکار کو کویت منتقل کرنے کا فیصلہ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے قانونی سفارشات کی بنیاد پر کیا۔ برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر حامد کرزئی کی طرف سے مذکورہ فوجی پر امریکی عدالت میں مقدمہ چلائے جانے پر رضا مندی اس شرط کے ساتھ ظاہر کی گئی ہے کہ یہ مقدمہ شفاف انداز میں چلایا جائے گا اور اس کی تفصیلات تک ذرائع ابلاغ کو رسائی حاصل ہوگی۔