15 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جیونیوز کے صحافی ولی خان بابرقتل کیس میں مدعی کے وکیل کے خلاف درخواست پر فیصلہ 21 مارچ تک محفوظ کرلیا ہے ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزمان شاہ رخ، نوید عرف پولکا،سیدمحمدعلی رضوی ، فیصل محمود عرف نفسیاتی ،محمد شکیل عدالت میں پیش ہوئے وکیل صفائی نے مدعی کے وکیل ارشدچیمہ کوپیروی سے روکنے کیلئے دلائل دیئے۔وکیل صفائی نے کہا کہ ارشد چیمہ اس مقدمہ کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رہ چکے ہیں اس لئے مدعی کی جانب سے پیروی نہیں کرسکتے ، ارشد چیمہ کی نگرانی میں ملزمان کے 164، 168 اور 173 کے بیانات اور کارروائی ہوئی اس لئے یہ مقدمہ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ، ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ارشد چیمہ کو محکمہ داخلہ نے منصوبے کے تحت پبلک پراسیکیوٹر کے عہدے سے ہٹوایا تاکہ مدعی کا وکیل مقرر کروایا جاسکے جبکہ مدعی کے وکیل ارشد اقبال چیمہ نے موقف اختیار کیا کہ قانون مدعی کو حق فراہم کرتا ہے کہ مدعی اپنی مرضی کا وکیل مقرر کرے جو سرکاری وکیل کی معاونت کرسکے ، ارشد اقبال چیمہ نے کہا کہ محکمہ داخلہ نے نہیں سپریم کورٹ نے ان سمیت تمام کنٹریکٹ پرکام کرنے والے پراسیکیوٹرز کو ہٹایا، عدالت نے مدعی کے وکیل کیخلاف درخواست پر فیصلہ 21 مارچ تک محفوظ کرلیا۔