15 مارچ ، 2012
ڈھاکہ…پاکستان نے ایشیا ء کپ کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹ سے ہرا کر فائنل میں اپنے لیے جگہ بنالی۔سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 189کا ہدف دیا تھا جسے مصباح الیون نے 39.5اوورز میں چاروکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، چالیس اوورز میں ہدف حاصل کرنے پر گرین شرٹس نے ایک بونس پوائنٹ بھی حاصل کیا،جبکہ میچ میں بہترین بولنگ پر پاکستان کے اعزاز چیمہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل آئی لینڈرقائد مہیلا جے وردھنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آئی لینڈرز بیٹنگ آج اپنے روایتی انداز میں کوئی بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی اور 188تک محدود رہی۔جواب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف 33پر تین صف اول کے بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، تاہم اس مرحلے پر کپتان مصباح الحق 72ناقابل شکست اور نوجوان بیٹسمین عمر اکمل 77کے باعث پاکستان نے نہ صرف اس میچ میں فتح حاصل کی بلکہ فائنل میں بھی اپنی جگہ یقینی بنالی۔دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 152کی طویل شراکت قائم ہوئی،جب پاکستان کو فتح کے لیے صرف چار رنز کی ضرورت تھی تو اس موقع پر عمر اکمل 77رنز کی شاندار باری کھیل پویلین لوٹ گئے۔تاہم پاکستان نے 40 ویں اوور میں189رنز بناکر میچ جیت لیا۔آج کا دن سری لنکا کے بولروں کے لیے بھی کچھ اچھا ثابت نہ ہوسکا اور صرف لکمل 2،سیکویج پرسنا اور پرویز محروف نے ایک ایک وکٹحاصل کی۔اب پاکستان اپنا آخری پول میچ اتوار 18مارچ کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔