19 جنوری ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سپریم کورٹ میں پیشی احسن اقدام ہے جس سے جمہوریت کو استحکام ملے گا۔ پشاور میں میڈیا سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی سپریم کورٹ میں پیشی سے اداروں میں ٹکراوٴ کے خدشات دور ہو گئے ہیں۔ اور جمہوریت کو استحکام ملے گا۔ میاں افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم کی پیشی سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا سپریم کورٹ جانا اسفندیار ولی خان اور دیگر اتحادی جماعتوں کی دلی خواہش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں تمام اداروں کے اختیارات وضع ہیں۔ اور انھیں اپنے اختیارات میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔ آئین میں فوج کا کام سرحدات کا تحفظ ہے جو وہ کر رہی ہے۔ میاں افتخار نے کہا کہ فوجی قیادت نے مارشل لاء نہ لگانے کا اعلان کر کے دور اندیشی سے کام لیا ہے۔