19 جنوری ، 2012
اسلام آباد…ترجمان دفترخارجہ نے منصور اعجاز کے اس دعوے کی تردید کردی ہے کہ انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی ویزا کی درخواست دی ہے، وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ انہیں ویزا لینے کے لیے امریکا سے درخواست دینا ہوگی۔ترجمان دفترخارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں کہاکہ ابھی تک منصوراعجاز کا پاسپورٹ ویزے کے لیے کسی پاکستانی مشن کو نہیں ملا۔ میمو تحقیقات کمیشن میں منصوراعجاز کے وکیل نے 16 جنوری کو کہاتھا کہ سوئٹرزلینڈ میں ویزا درخواست دی گئی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے بھی آج میڈیا سے گفت گو میں کہاکہ منصور اعجاز نے سوئٹزلینڈ میں پاکستانی سفیر سے بذریعہ ای میل رابطہ کیا تھا تاہم قانون کے مطابق انہیں امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔