17 مارچ ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… کراچی کے علاقے سولجر بازار میں تین دن تک ٹکڑوں میں ملنے والی لاش ملیر کی رہائشی نو مسلم خاتون کی تھی۔پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے گلشن قادری کی رہائشی 35 سالہ نسرین 10مارچ کو مزار قائد جانے کا کہہ کر گھر سے نکلی تھی اور واپس نہیں پہنچی۔ اسی روز رات 10 بجے سولجرز بازار کے علاقے سے عورت کی لاش کے کچھ اعضاء ملے، جس کے اگلے دو روز کے دوران اسی علاقے سے اس لاش کے مزید حصے برآمد ہوئے جس پر سولجر بازار پولیس نے شہر بھر سے لاپتہ خواتین کے کوائف کے ذریعے اس لاش کی شناختکی۔ مقتولہ کے شوہر نے لاش وصول کی جسے ملیر میں سپرد خاک کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ نسرین نے لگ بھگ 15 سال قبل مسیحی مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا تھا، مقتولہ کے 5 بچے ہیں۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔