19 جنوری ، 2012
راولپنڈی … حج کرپشن کیس میں طویل عرصے سے گرفتار سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کو پہلاریلیف دیتے ہوئے عدالت نے ان کا فارن کرنسی بینک اکاوٴنٹ بحال کردیا ہے۔ راولپنڈی میں اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں حج کرپشن کیس کی سماعت کی گئی جس میں حامد سعید کاظمی اور راجا آفتاب الاسلام بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد حامد سعید کاظمی کے وکیل احمد خان گوندل نے بتایاکہ عدالت نے ان کے موٴکل کی درخواست پر ان کا فیملی فارن کرنسی بینک اکاوٴنٹ بحال کر دیا ہے جسے ایف آئی اے نے منجمد کرایا تھا۔ حامد سعید کاظمی کا موٴقف تھا کہ اس بینک اکاوٴنٹ میں رقم ان کے بھائی نے برطانیہ سے بھیجی تھی۔ عدالت نے حج کرپشن کیس کی آئندہ 21 جنوری کی سماعت پر راوٴ شکیل کو بھی لازمی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔