17 مارچ ، 2012
کراچی… فاضل پرزہ جات کی کمی اور طیاروں کے فنی خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کے12طیارے ملکی و غیر ملکی ایئرپورٹس پرکھڑے ہیں اورفلائٹ شیڈول درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے انجینیرنگ کراچی کے ہینگرمیں فنی خرابی کی وجہ سے دس طیارے کھڑے ہیں،جبکہ ایک ایربس اے 310 طیارہ فنی خرابی کے باعث بیجنگ ایرپورٹ اورایک بوئنگ747طیارہ لاہورایرپورٹ پرکھڑاہے۔بیک وقت12طیاروں کے گراونڈ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کی متعدد ملکی اور غیر ملکی پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیرکاشکارہیں ان میں جدہ کراچی پروازپی کے732چار گھنٹے، مدینہ کراچی پرواز پی کے 744 آٹھ گھنٹے،اسلام آباد کوپن ہیگن پرواز پی کے771تین گھنٹے،کراچی بارسلوناشکاگو پرواز پی کے795چار گھنٹے، دبئی کراچی پرواز پی کے214تین گھنٹے تاخیرکاشکارہوئیں جبکہ اندرون ملک پروازیں بھی بروقت روانہ نہیں ہوسکیں۔