پاکستان
17 مارچ ، 2012

صدر کی زیر صدارت اتحادی قیادت کا اجلاس ، فوجی سربراہ کی بھی شرکت

صدر کی زیر صدارت اتحادی قیادت کا اجلاس ، فوجی سربراہ کی بھی شرکت

اسلام آباد … پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد صدر مملکت کی زیر صدارت اتحادی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم، آرمی چیف، ایئر چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات باہمی احترام، مفاد اور شفاف بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، چوہدری پرویز الٰہی، مشاہد حسین سید، اسفند یار ولی، افراسیاب خٹک، فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، اسرار اللہ زہری، منیر خان اورکزئی اور فرحت اللہ بابر نے بھی شرکت کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق یہ اجلاس 14 مارچ کے اجلاس کا تسلسل تھا جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے سلامتی اور خارجہ پالیسی کے امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کی پالیسی بناتے ہوئے عوامی نمائندوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیٹو سپلائی اور امریکا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ان سفارشات پر اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اور حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

مزید خبریں :