19 جنوری ، 2012
اسلام آباد…ترجمان دفترخارجہ نے منصور اعجاز کے اس دعوے کی تردید کردی ہے کہ انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی ویزا کی درخواست دی ہے، وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ انہیں ویزا لینے کے لیے امریکا سے درخواست دینا ہوگی۔ترجمان دفترخارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوزبریفنگ میں کہاکہ ابھی تک منصوراعجاز کا پاسپورٹ ویزے کے لیے کسی پاکستانی مشن کو نہیں ملا۔ میمو تحقیقات کمیشن میں منصوراعجاز کے وکیل نے 16 جنوری کو کہاتھا کہ سوئٹرزلینڈ میں ویزا درخواست دی گئی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے بھی آج میڈیا سے گفت گو میں کہاکہ منصور اعجاز نے سوئٹزلینڈ میں پاکستانی سفیر سے بذریعہ ای میل رابطہ کیا تھا تاہم قانون کے مطابق انہیں امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔ ترجمان دفترخارجہ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ نشیب وفرازسے آزاد تعلقات چاہتاہے جوباہمی احترام اور قومی مفاد پر مبنی ہوں۔ امریکا، نیٹو اور ایساف کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کے بار ے میں پارلیمانی جائزہ جاری ہے۔ امریکاکے خصوصی نمائندہ مارک گراس مین ، دورہ پاکستان سے پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے بتایاکہ امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے درمیان حالیہ ٹیلی فونک بات چیت میں پاک امریکا تعلقات اور 26 نومبر کے واقعہ پر پاکستان کے پارلیمانی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاکہ نیٹو سپلائی بحال نہیں کی گئی۔