18 مارچ ، 2012
کراچی … سربراہ جئے سندھ تحریک ڈاکٹر صفدر سرکی نے کہا ہے کہ سندھ پر تاریخی ڈاکے ڈالے گئے ، سندھی قوم کے وسائل، ان کی غیرت اور قومی وقار سب کو مجروح کیا گیا، سندھ کو آزادی دینے سے متعلق ریفرنڈم کرایا جائے، اردو بولنے والے سندھی بھائیوں کا مستقل ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ہم کریں گے۔ کراچی میں تبت سینٹر پر جئے سندھ تحریک کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹڑ صفدر سرکی نے کہا کہ سندھ میں منظم سازش کے تحت دوسری قومیتوں کو آباد کیا گیا، سندھی اور بلوچ تیزی سے آزادی کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہمیں پنجاب کی غلامی قبول نہیں، 45ء میں ون یونٹ مسلط کرکے سندھ کو لاہور کا غلام بنادیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ پر تاریخی ڈاکے ڈالے گئے، پنجاب کو بلوچ اور سندھی تحریکیں قبول کرنی ہوں گی، پنجاب کو اچھا پڑوسی بن کر رہنا چاہئے، نام نہاد آئینی ترمیموں سے سندھ کو ریگستان میں دفن کردیا گیا۔ صفدر سرکی نے کہا کہ اردو بولنے والے سندھی بھائیوں کا مستقبل ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ہم کریں گے، جی ایم سید کے پیروکاروں کا اردو بولنے والوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھی قوم کے وسائل، انکی غیرت اور قومی وقار، سب کو مجروح کیا گیا، سندھ کو آزادی دینے سے متعلق ریفرنڈم کرایا جائے، آج سندھیوں کیلئے غلامی سے نجات کا دن ہے۔