19 جنوری ، 2012
اسلام آباد …وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کاسپریم کورٹ میں پیش ہونا جمہوریت کی فتح ہے، پرویز مشرف اشتہاری ملزم ہیں ،پاکستان آئے تو استقبال ملک کے قانون کے تحت ہی کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کو خود عدلیہ نے سراہا، سخت سیکیورٹی انتظامات ممکنہ خطرات اور کسی ناخوشگور واقعے سے بچنے کے لیے تھے ، اس کا مقصد عوام کو مشکلات میں ڈالنا ہر گز نہیں تھا۔ ایک سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ ساتھ جانے کے بارے ایم کیو ایم کو مطلع نہیں کر پائے، امید ہے اتحادی جماعت اس نادانستہ غلطی کا برا نہیں مانے گی۔ایک سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ منصور اعجاز پاکستان آنے کیلیے سوئیٹزرلینڈ سے ویزا لینا کیوں چاہتے ہیں جب کہ انھیں اسی ملک سے آنا چاہیئے جس کے وہ شہری ہیں۔ ان کا کہنا تھا ، حیرت ہے کہ منصور اعجاز نے جس پاکستانی آرمی کے خلاف اپنے آرٹیکل میں اسے سیکیورٹی قرار دیا تھا آج اسی سے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں۔