21 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کر کے 2ملزمان اور 18مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا۔ جبکہ 3اغواکاروں کو گرفتار کر کے نجی بینک کے منیجر کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق آرٹس کونسل کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران دو روز قبل کھارادر سے اغوا کیے گئے نجی بینک کے منیجر کو مقابلے کے بعد بازیاب کر ا لیاگیا۔ 3اغوا کاروں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ اغواء کار بینک منیجر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اغوا کار بینک منیجر کے اہل خانہ سے 6لاکھ روپے تاوان وصو ل کرچکے تھے اور مزید 15لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے لسبیلہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے مزید 6مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ناظم نمبر 3میں پولیس نے 2مبینہ ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق رینجرز نے نارتھ کراچی اور گلستانِ جوہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 12مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔