22 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی کے پانچوں اضلاع میں منشیات کے 159 بڑے اڈے چل رہے ہیں جہاں سے روزانہ کروڑوں روپے بھتا وصول کیا جاتا ہے۔ جیو نیوز نے کالے بجٹ میں منشیات اور جوئے کے ان اڈوں کی نشاندہی کی تھی۔ اب پولیس میں موجود کالی بھیڑیں منظر عام پر آگئی ہیں۔ جیو نیوز کو پولیس انٹیلی جنس سے حاصل شدہ رپورٹ کے مطابق شہر میں منشیات کے اڈے تھانے دار اور پولیس کے اعلیٰ افسران کی سرپرستی میں چل رہے ہیں۔ یہ پولیس افسران اور تھانے دار منشیات کے دھندے سے حاصل ہونے والی رقوم میں باقاعدہ حصے دار ہیں۔ جوئے کے اڈوں سے بھتے کی مد میں پولیس کو ہونے والی آمدنی اس کے علاوہ ہے۔ پولیس کی سرپرستی میں چلنے والے منشیات اور جوئے کے اڈوں کے مالکان ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس انٹیلی جنس رپورٹ ان تمام حقائق سے پردہ ضرور اٹھاتی ہے مگر اعلیٰ افسران محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں پر ہاتھ ڈالنے میں بے بس نظر آتے ہیں۔